(154) تم کیسے لوگ ہو، کس طرح کا فیصلہ کرتے ہو
(155) بھلا تم غور کیوں نہیں کرتے
(156) یا تمہارے پاس کوئی صریح دلیل ہے
(157) اگر تم سچے ہو تو اپنی کتاب پیش کرو
(158) اور انہوں نے خدا میں اور جنوں میں رشتہ مقرر کیا۔ حالانکہ جنات جانتے ہیں کہ وہ (خدا کے سامنے) حاضر کئے جائیں گے
(159) یہ جو کچھ بیان کرتے ہیں خدا اس سے پاک ہے
(160) مگر خدا کے بندگان خالص (مبتلائے عذاب نہیں ہوں گے)
(161) سو تم اور جن کو تم پوجتے ہو
(162) خدا کے خلاف بہکا نہیں سکتے
(163) مگر اس کو جو جہنم میں جانے والا ہے
(164) اور (فرشتے کہتے ہیں کہ) ہم میں سے ہر ایک کا ایک مقام مقرر ہے
(165) اور ہم صف باندھے رہتے ہیں
(166) اور (خدائے) پاک (ذات) کا ذکر کرتے رہتے ہیں
(167) اور یہ لوگ کہا کرتے تھے
(168) کہ اگر ہمارے پاس اگلوں کی کوئی نصیحت (کی کتاب) ہوتی
(169) تو ہم خدا کے خالص بندے ہوتے
(170) لیکن (اب) اس سے کفر کرتے ہیں سو عنقریب ان کو (اس کا نتیجہ) معلوم ہوجائے گا
(171) اور اپنے پیغام پہنچانے والے بندوں سے ہمارا وعدہ ہوچکا ہے
(172) کہ وہی (مظفرو) منصور ہیں
(173) اور ہمارا لشکر غالب رہے گا
(174) تو ایک وقت تک ان سے اعراض کئے رہو
(175) اور انہیں دیکھتے رہو۔ یہ بھی عنقریب (کفر کا انجام) دیکھ لیں گے
(176) کیا یہ ہمارے عذاب کے لئے جلدی کر رہے ہیں
(177) مگر جب وہ ان کے میدان میں آ اُترے گا تو جن کو ڈر سنا دیا گیا تھا ان کے لئے برا دن ہوگا
(178) اور ایک وقت تک ان سے منہ پھیرے رہو
(179) اور دیکھتے رہو یہ بھی عنقریب (نتیجہ) دیکھ لیں گے
(180) یہ جو کچھ بیان کرتے ہیں تمہارا پروردگار جو صاحب عزت ہے اس سے (پاک ہے)
(181) اور پیغمبروں پر سلام
(182) اور سب طرح کی تعریف خدائے رب العالمین کو (سزاوار) ہے