(103) جب دونوں نے حکم مان لیا اور باپ نے بیٹے کو ماتھے کے بل لٹا دیا
(104) تو ہم نے ان کو پکارا کہ اے ابراہیم
(105) تم نے خواب کو سچا کر دکھایا۔ ہم نیکوکاروں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
(106) بلاشبہ یہ صریح آزمائش تھی
(107) اور ہم نے ایک بڑی قربانی کو ان کا فدیہ دیا
(108) اور پیچھے آنے والوں میں ابراہیم کا (ذکر خیر باقی) چھوڑ دیا
(109) کہ ابراہیم پر سلام ہو
(110) نیکوکاروں کو ہم ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
(111) وہ ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
(112) اور ہم نے ان کو اسحاق کی بشارت بھی دی (کہ وہ) نبی (اور) نیکوکاروں میں سے (ہوں گے)
(113) اور ہم نے ان پر اور اسحاق پر برکتیں نازل کی تھیں۔ اور ان دونوں اولاد کی میں سے نیکوکار بھی ہیں اور اپنے آپ پر صریح ظلم کرنے والے (یعنی گنہگار) بھی ہیں
(114) اور ہم نے موسیٰ اور ہارون پر بھی احسان کئے
(115) اور ان کو اور ان کی قوم کو مصیبت عظیمہ سے نجات بخشی
(116) اور ان کی مدد کی تو وہ غالب ہوگئے
(117) اور ان دونوں کو کتاب واضح (المطالب) عنایت کی
(118) اور ان کو سیدھا رستہ دکھایا
(119) اور پیچھے آنے والوں میں ان کا ذکر (خیر باقی) چھوڑ دیا
(120) کہ موسیٰ اور ہارون پر سلام
(121) بےشک ہم نیکوکاروں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں
(122) وہ دونوں ہمارے مومن بندوں میں سے تھے
(123) اور الیاس بھی پیغمبروں میں سے تھے
(124) جب انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ تم ڈرتے کیوں نہیں؟
(125) کیا تم بعل کو پکارتے (اور اسے پوجتے) ہو اور سب سے بہتر پیدا کرنے والے کو چھوڑ دیتے ہو
(126) (یعنی) خدا کو جو تمہارا اور تمہارے اگلے باپ دادا کا پروردگار ہے