(13) اور میں نے تم کو انتخاب کرلیا ہے تو جو حکم دیا جائے اسے سنو
(14) بےشک میں ہی خدا ہوں۔ میرے سوا کوئی معبود نہیں تو میری عبادت کرو اور میری یاد کے لئے نماز پڑھا کرو
(15) قیامت یقیناً آنے والی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اس (کے وقت) کو پوشیدہ رکھوں تاکہ ہر شخص جو کوشش کرے اس کا بدلا پائے
(16) تو جو شخص اس پر ایمان نہیں رکھتا اور اپنی خواہش کے پیچھے چلتا ہے (کہیں) تم کو اس (کے یقین) سے روک نہ دے تو (اس صورت میں) تم ہلاک ہوجاؤ
(17) اور موسی یہ تمہارے داہنے ہاتھ میں کیا ہے
(18) انہوں نے کہا یہ میری لاٹھی ہے۔ اس پر میں سہارا لگاتا ہوں اور اس سے اپنی بکریوں کے لئے پتے جھاڑتا ہوں اور اس میں میرے لئے اور بھی کئی فائدے ہیں
(19) فرمایا کہ موسیٰ اسے ڈال دو
(20) تو انہوں نے اس کو ڈال دیا اور وہ ناگہاں سانپ بن کر دوڑنے لگا
(21) خدا نے فرمایا کہ اسے پکڑ لو اور ڈرنا مت۔ ہم اس کو ابھی اس کی پہلی حالت پر لوٹا دیں گے
(22) اور اپنا ہاتھ اپنی بغل سے لگالو وہ کسی عیب (وبیماری) کے بغیر سفید (چمکتا دمکتا) نکلے گا۔ (یہ) دوسری نشانی (ہے)
(23) تاکہ ہم تمہیں اپنے نشانات عظیم دکھائیں
(24) تم فرعون کے پاس جاؤ (کہ) وہ سرکش ہو رہا ہے
(25) کہا میرے پروردگار (اس کام کے لئے) میرا سینہ کھول دے
(26) اور میرا کام آسان کردے
(27) اور میری زبان کی گرہ کھول دے
(28) تاکہ وہ بات سمجھ لیں
(29) اور میرے گھر والوں میں سے (ایک کو) میرا وزیر (یعنی مددگار) مقرر فرما
(30) (یعنی) میرے بھائی ہارون کو
(31) اس سے میری قوت کو مضبوط فرما
(32) اور اسے میرے کام میں شریک کر
(33) تاکہ ہم تیری بہت سی تسبیح کریں
(34) اور تجھے کثرت سے یاد کریں
(35) تو ہم کو (ہر حال میں) دیکھ رہا ہے
(36) فرمایا موسیٰ تمہاری دعا قبول کی گئی
(37) اور ہم نے تم پر ایک بار اور بھی احسان کیا تھا